۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا تطہیر زیدی

حوزہ/ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ یوم بعثت بڑی عید، سید المرسلین کی23 سالہ زحمات کی یاددلاتا ہے یوم بعثت پر حلال کی کمائی سے دستر خوان بچھانا اجر و ثواب کا موجب ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ علی مسجد جامعہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے کہا ہے کہ انسان کی عظمت اس کی سیرت و کردارکی بنیاد پر ہوتی ہے۔اچھا بننے کی بنیادی شرط ایمان ہے لیکن فقط ایمان ہی کافی نہیں ہوتا۔سورہ مبارکہ العصر میں ایمان کے ساتھ دیگر صفات کے علاوہ صالح اعمال کو بھی شرط قرار دیا گیا ہے۔واجب عبادات میں سے نماز سب سے اہم ہے۔نماز ویسے ادا کی جائے جیسے اللہ کے برگزیدہ بندے ادا کرتے ہیںجن میں کربلا کے نمازی ایک مثالی نمونہ ہیں۔رسول اللہ کی بعثت کا دن بہت بڑی عید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہرماہ تین روزے رکھنے کی طرح اس دن بھی روزہ رکھنا باعثِ ثواب ہے۔یہ دن آں حضور کی23 سالہ زحمات کی یاددلاتا ہے۔آپ نے ہر اُس کام کی تاکید فرمائی جو انسان کو جنت سے قریب اور جہنم سے دور کرتا ہے۔اس عید پر بھی دستر خوان بچھانا، لوگوں کو کھانا کھلانا اجر و ثواب کا موجب ہے۔ دستر خوان کا ذکر قرآن مجید میں بھی ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لئے اللہ نے دسترخوان بھیجا۔ حضور کو حکم ہوا کہ رشتہ داروں کو کھانا کھلائیں۔اسی طرح 22رجب کا دستر خوان بھی اچھی روایت ہے۔دستر خوان اُس وقت عبادت قرار پائے گا جب حلال کی کمائی سے کھانے کا اہتمام کیا گیا ہو۔دستر خوان پر بیٹھنے والوں کوبھی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں پر غور و فکر اور شُکر کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کھانا کھلانے سمیت تمام مستحبی عبادات انسان کی سیرت کی تشکیل میں مددگار ہوتی ہیں۔روزِ عاشور جب ایک صحابی نے حضرت امام حسین ؑکو نماز کے اول وقت کا ذکر کیا تو امام نے دعا دی خدا تمہیں ذکر کرنے والوں میں سے قرار دے۔ذاکر ہونا بہت بڑی سعادت ہے یعنی وہ لوگ یادِ خُدا سے کبھی غافل نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کی عظمت اس کی سیرت و کردارکی بنیاد پر ہوتی ہے۔کردار ہی سے انسان کی قدر و قیمت کا اندازہ کیا جاتا ہے ورنہ ظاہری لحاظ سے ہابیل بھی انسان تھا اور اس کا قاتل قابیل بھی ایک انسان ہی تھا۔حق و باطل کی پہچان بننے والے سارے کردار انسان ہی ہوتے ہیں جو اپنے اچھے یا بُرے کردار کی وجہ سے حق یا باطل کا اظہار کرتے ہیں۔عبادات اگرچہ اچھا انسان بننے میں اہم کردار اداکرتی ہیں لیکن ان میں بھی اخلاص اور معرفت شرط ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کا فرمان ہے کہ نماز، روزے کی کثرت ہی عبادت نہیں بلکہ امور خدا میں تفکّر عبادت ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .